منیلا،10جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکہ کی خصوصی فورسز فلپائن کے جنوبی شہر ماراوی سے شدت پسند گروپ داعش کے حامی جنگجوؤں کا محاصرہ ختم کروانے کے لیے فلپائن کی مسلح افواج کی معاونت کر رہی ہیں۔یہ بات منیلا میں امریکی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے بتائی۔داعش کے سیکڑوں حامی جن میں درجنوں کی تعداد میں ہمسایہ ملکوں اور مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند بھی شامل ہیں، کی طرف سے ماراوی پر قبضہ کی وجہ سے اس تشویش میں اضافہ ہوا ہے کہ انتہائی شدت پسند گروپ جنوب مشرقی ایشیا میں اپنے قدم جمانے کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ فلپائن کی حکومت کی درخواست پر امریکہ کی اسپیشل آپریشنز کی فورسز ماراوی میں جاری کارروائیوں میں اے ایف پی (فلپائن کی مسلح افواج)کی مدد کررہی ہیں اس سے زمین پر بو سیاف گروپ کے خلاف برسرپیکار اے ایف پی کے کمانڈروں کی مدد ہو گی۔ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ فلپائن نے منڈاناؤ کے جزیرہ پر واقع شہر ماراوی کے لیے جاری لڑائی میں امریکہ سے معاونت طلب کی ہے جو اب تیسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے۔ترجمان نے امریکہ کی طرف سے معاونت سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔ امریکہ کے پی 3 اوریئن نگرانی کرنے والے طیارے کو جمعہ کو شہر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا تاہم اس بات کے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ امریکہ نے زمیں پر اپنے کوئی فوجی تعینات کیے ہیں۔
یہ معاونت طویل عرصے سے اتحادی رہنے والے ملکوں کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے کشیدہ تعلقات کے بعد سامنے آئی ہے جو فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹرے کے واشنگٹن کے ساتھ مخاصمت کی وجہ سے تناؤ کا شکار ہو گئے تھے اور انھوں نے امریکی فوجیوں کو اپنے ملک سے واپس بھیجنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔امریکہ نے ابو سیاف گروپ کے عسکریت پسندوں کے خلاف برسرپیکار فلپائن کے فوجیوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے 2002ء میں منڈاناؤ میں اپنی خصوصی فورسز کو تعینات کیا تھا اور ایک وقت میں ان کی تعداد 1,200 تک پہنچ گئی۔ تاہم 2015ء میں اس سلسلے کو ختم کردیا تھا لیکن تھوڑی تعداد میں امریکی فوجی لاجسٹیکل اور تکنیکی مدد کے لیے پھر بھی وہاں موجود رہے۔